دیار مغرب میں جا بسنے کا جنون ہمارے ایک کافی دور پرے کے رشتہ داروں میں سے ایک شخص ویزٹ ویزے پر امریکہ آیا اور اس کی میعاد ختم ہونے کے بعد غیر قانونی طور پر مقیم ہو گیا ۔ دوران قیام ہی ایک دیسی لیگل فیملی سے مراسم استوار ہو گئے تھے ۔ ان کی ایک لڑکی اس کے دل کو بھا گئی اس سے شادی کا موڈ بن گیا اور اپنی خواہش کا اظہار بھی کر دیا ۔ پھر اپنے غیر قانونی قیام کو جائز بھی کرنا تھا ۔ لڑکی خود اور اس کے گھر والے اس شخص کا تمام پس منظر جاننے کے باوجود اس شادی پر راضی ہو گئے بس صرف ایک شرط رکھی کہ پہلے والی بیوی کو طلاق دینی ہو گی ۔ اور موصوف نے طلاق کے پیپر تیار کر کے اسے بھجوا دیئے اور فون پر بیوی سے کہا کہ یہ میں تمہیں سچ مچ طلاق نہیں دے رہا ہوں دل سے نہیں دے رہا ہوں یہ صرف ایک کاغذی کارروائی ہے تم آج بھی میری بیوی ہو ۔ وہ ایک خوشحال گھرانے سے تعلق رکھنے والی پڑھی لکھی خوبصورت لڑکی دو بچوں کی ماں رو رو کر پاگل ہو گئی ۔ ساس نے اس سے کہا میرے بیٹے نے کوئی تم کو طلاق نہیں دی ہے بس کسی مجبوری کی وجہ سے ایسا کیا ہے ۔ تم اب بھی میری بہو ہو اور اسی طرح میرے ساتھ میرے گھر میں رہو گی اور راج کرو گی...